معاشرے کی نظریں طلبہ مدارس پر جمی ہوئی ہیں،عبید الرحمن عباسی

113

لاہور(وقائع نگار خصوصی) جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلیٰ عبید الرحمن عباسی نے کہا کہ معاشرے کی نظریں طلبہ مدارس پر جمی ہوئی ہیں،عوام کو طلبہ مدارس سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں لہٰذا طلبہ علم کے اسلحے سے لیس اور دور حاضر کے چیلنجز کا ادراک کرتے ہوئے ان کے مقابلے کیلیے اپنے آپ کو تیار کریں اور عامۃالناس کی درست سمت میں رہنمائی کرتے ہوئے معاشرے کی وابستہ توقعات پرپورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اچھرہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ ایک کٹھن اور کڑے دور سے گزر رہی ہے اور اس کا واحد سبب مسلمانوں کی قرآن و سنت سے دوری اور باہمی انتشار ہے ،موجودہ طاغوتی عناصر کا مقابلہ کرنے کیلیے حکمرانوں سمیت امت مسلمہ کے ہر فردکو متحد ہونا پڑے گا،عبید الرحمن عباسی نے کہا کہ دین اسلام کو اپنی خواہشات کے تابع نہیں بلکہ اپنی خواہشات کو دین اسلام کے تابع کرنا چاہیے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کواز سر نو تشکیل دیا جائے۔منتظم اعلیٰ نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران بھی سابقہ حکومت کے نقش قدم پر چل رہے ہیں موجودہ جمہوری حکومت نے آمرانہ پالیسیوں کو جاری رکھ کر عوامی مینڈیٹ کی توہین کی ہے حکمرانوں نے ملک کو امریکی کالونی بنایا ہوا ہے۔ کفار سے خیر کی امیدرکھنا عبث ہے حکمرانوں کو ڈالروں کی چمک نے اندھا کردیا ہے حکمران اپنے رب سے ڈرتے ہوئے کفار کی حمایت ترک کرکے اپنے مسلمان بھائیوں کی داد رسی کریں ۔اگرحکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو انہیں قہر خداوندی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔