ہمارے کیس میں کچھ نہیں،پھر بھی کچھ نکالا جارہاہے،نواز شریف

328
ہمارے کیس میں کچھ نہیں،پھر بھی کچھ نکالا جارہاہے،نواز شریف
ہمارے کیس میں کچھ نہیں،پھر بھی کچھ نکالا جارہاہے،نواز شریف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہمارے کیس میں کچھ نہ ہونے کے باوجود بھی کچھ نکالا جا رہا ہے،پی ٹی آئی بنی ہی عامر لیاقت جیسے لوگوں کے لیے ہے،اللہ کا شکرہے وہ (ن) لیگ میں شامل نہیں ہوئے۔ اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ریفرنسزکا کوئی نتیجہ نہیں نکلا،نئے ریفرنس میں پہلے ریفرنس کا خول چڑھا دیا گیا، نیا ریفرنس دائرکرنے کی کیا ضرورت تھی جب پہلے ریفرنس میں کچھ نہیں نکلا، پہلے 6 ماہ میں کون سی چیزثابت ہوئی جو ڈیڑھ ماہ میں ثابت ہوجائے گی، یہ دلیپ کمارکی فلم جیسا حال ہے کہ بیوی کو جب پیار نہ ملا تو
اس نے دلیپ کمار کے بیڈ روم کو ہی آگ لگا دی۔نوازشریف نے کہا کہ رینٹل پاور، کوٹیکنا،این آئی سی ایل جیسے کیسزہیں جن پرکرپشن ثابت ہوئی لیکن سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے کیس سنے نہیں جارہے،ہمارے کیس میں کچھ نہ ہونے کے باوجود بھی کچھ نکالا جا رہا ہے، صرف میرے والد کے کاروبار کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، ہمیں اللہ تعالی نے 1937ء سے نوازنا شروع کیا اور اگر حساب لینا ہے تو 1937ء سے لیں۔پی ٹی آئی میں عامر لیاقت کی شمولیت سے متعلق سوال پر نوازشریف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ وہ (ن) لیگ میں شامل نہیں ہوئے، انہوں نے چند سال پہلے کوشش کی تھی لیکن شمولیت نہیں کی، پی ٹی آئی بنی ہی عامر لیاقت جیسے لوگوں کے لیے ہے، پی ٹی آئی میں عامر لیاقت جیسے لوگ ہی سجتے ہیں۔ چودھر ی نثارسے متعلق سوال پر نوازشریف خاموش رہے اورکہا کہ میرا خیال ہے جس مقصد کے لیے آئے ہیں وہی پورا کریں۔نواز شریف نے کہا کہ کسی سے کوئی توقع نہیں رکھنا چاہتے، جب توقع ہی اٹھ گئی غالب تو کیا گلہ کرے کوئی، دنیا کا دستور ہے چلتا رہتا ہے اورمشرف کی واپسی کی خبروں پر ہنسا ہی جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں مریم نواز نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتا نہیں کہ مجھ پر کون سا الزام ہے، اثاثے بنانا بھی کوئی بری بات ہے،ملک کا ستیاناس کرنے والے واپسی کے لیے سیکورٹی مانگ رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمارے خلاف نیب مقدمات میں پہلے 6ماہ میں کیا ثابت ہوا جو اب نئی چیزیں مل گئی ہیں، عدالت میں جتنی دستاویزات پیش کی گئی ہیں وہ ہم نے خود فراہم کیں، کیس میں کوئی جان نہیں ہے،پہلے کہا گیا فلیٹ میرے ہیں پھر وہی ملکیت نواز شریف پر ڈال دی، میں ان سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ اثاثہ جات کیسے بنائے، آپ نے کرپشن کا الزام لگایا ہے تو کرپشن ثابت کریں ۔مریم نوازنے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ آف شور کمپنی میری ہے لیکن انہیں کہا جاتا ہے نہیں نہیں تم ٹھیک ہو۔