سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کو تجارت بنا رکھا ہے، مشتاق احمد خان

180

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ قیادت اور امامت علما کرام کا کام ہے اور ان کی ذمے داری ہے کہ عوام کو دینی علوم سے واقف کریں۔ سیاسی جماعتیں نام تو جمہوریت کا لیتی ہیں لیکن انہوں نے جمہوریت کو تجارت اور ڈیموکریسی کو ڈاکو کریسی بنا رکھا ہے۔ متحدہ مجلس عمل کے احیا پر پوری قوم بالخصوص اسلام پسند طبقوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 2018ء کے انتخابات کرپٹ مافیا کے لیے یوم الحساب بنائیں گے اور سیکولر، لبرل آزاد خیال پارٹیوں کا بوریا بستر گول کردیں گے۔ 2018ء انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے خیبر پختونخوا میں حکومت قائم کریں گے اور خیبر پختونخوا کو ترقی، انفرا اسٹرکچر، تعلیم، صحت اور امن و امان کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ بنائیں گے۔ دینی مدارس کیخلاف کسی قسم کا پراپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت دینی مدارس کی رجسٹریشن آسان اور بینک میں اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دے۔ دینی مدارس کی طرف اٹھنے والے ہاتھ کاٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد مین بازار دیر اپر میں ختم بخاری و تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان، ضلعی امیر حنیف اللہ ایڈووکیٹ، ضلع ناظم صاحبزادہ فصیح اللہ، تحصیل ناظم دیر اپر میر مخزن الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کامیاب ہونے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ مسلمان کتاب، تحقیق، قلم اور عصری علوم سے کنارہ کش نہیں ہوسکتے۔ اس وقت امت مسلمہ انتہائی سخت حالات اور مشکلات سے دوچار ہے، اقوام متحدہ نے شام کو جہنم کہا ہے، روس نے اعتراف کیا کہ جدید قسم کے اسلحے کا شام میں تجربہ کیا۔ یعنی مسلمانوں کے ممالک ان کافر ملکوں کے لیے تجربہ گاہ ہیں اور یہ سب کچھ اسلام سے بیزار اسلامی ممالک پر مسلط بادشاہوں کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے جماعت اسلامی ہراول دستہ ہوگی۔ دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے کی بحالی امت کے اتحاد و اتفاق اور پاکستان کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے۔ انتخابات میں لبرل طاقتوں کو شکست فاش دیں گے۔