دماغی نشوونما میں پھلوں کا اہم کردار

951

جدید طبی تحقیق

دماغی نشونما میں پھلوں کا اہم کردار
نیویارک یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق پھلوں کا باقاعدہ استعمال دماغ کو بڑا کر دیتا ہے۔ دماغ کا حجم بڑا ہونے کا مطلب اس کی کارکردگی اور ذہانت میں اضافہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق ایک دوسری تحقیق کے نتائج کے بعد کی گئی جس میں دیکھا گیا کہ وہ جانور جو پھل کھاتے تھے ان کا دماغ ان جانوروں سے ایک تہائی فیصد بڑا تھا جو گوشت خور تھے یا پتے کھا کر گزارہ کرتے تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پھلوں میں دیگر خوراک کی نسبت زیادہ توانائی موجود ہوتی ہے، جو دماغی نشونما کو بہتر کرتی ہے۔
تحقیق میں شامل پروفیسر ایلکس کا کہنا ہے کہ ہمارا دماغ ایک مہنگا عضو ہے۔ یہ ہمارے جسم کے کل وزن کے صرف 2 فیصد کا حامل ہے، لیکن یہ ہمارے جسم کی 25 فیصد توانائی استعمال کرتا ہے۔
اس سے قبل کی جانے والی ایک اور تحقیق سے پتا چلا تھا کہ پھل کھانا صرف طبی اور جسمانی طور پر ہی فائدہ مند نہیں بلکہ نفسیاتی طور پر بھی بہتری کا سبب بن سکتا ہے۔ باقاعدگی سے پھلوں کا استعمال ہمارے اندر مسرت اور خوشی کا احساس پیدا کرتا ہے جبکہ ہمیں جذباتی اور نفسیاتی طور پر مستحکم بھی بناتا ہے۔

5-1
ٹی وی زیادہ دیکھنا کئی امراض کا باعث
تازہ تحقیق کے مطابق زیادہ دیر تک ٹی وی دیکھنا آپ کے پھیپھڑوں میں خون کے لوتھڑے پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے جس سے آپ کی موت واقع ہوسکتی ہے۔ یہ تحقیق امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع کی گئی جس میں بتایا گیا کہ پھیپھڑوں میں بننے والے خون کے لوتھڑوں کو پلمونری امبولزم کہا جاتا ہے جو عموماً خون کی سست گردش کے باعث پیدا ہوتا ہے۔
تحقیق کے لیے 86 ہزار سے زائد افراد کا تجزیہ کیا گیا۔ سائنسدانوں نے دیکھا کہ وہ افراد جو دن میں ڈھائی سے 4 گھنٹے تک روزانہ ٹی وی دیکھتے ہیں ان میں پلمونری امبولزم کے امکان میں 70 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
اوساکا یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کے مطابق اس مرض کی تشخیص مشکل ہے کیونکہ ابھی یہ اتنا عام نہیں ہوا۔ اس کی عام علامات سینے میں درد اور سانس لینے میں مشکل کی صورت میں ظاہر ہوتی ہیں۔
تحقیق میں پلمونری امبولزم کا باعث بننے والے دیگر عوامل کو بھی شامل کیا گیا جس میں ہائی بلڈ پریشر، سگریٹ نوشی، مٹاپا اور ذیابیطس شامل ہیں۔ کئی گھنٹے ٹی وی دیکھنے کے باعث مٹاپے میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے اور یہ پلمونری امبولزم کو جنم دیتا ہے۔
ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ آج کل انٹرنیٹ پر ٹی وی پروگرامز کی کئی اقساط ایک ساتھ دستیاب ہیں جنہیں بعض افراد گھنٹوں بیٹھ کر دیکھتے ہیں۔ یہ صورتحال خطرناک امراض کے پنپنے کے لیے نہایت سازگار ہے۔