مظفر آباد:جیپ کھائی میں جاگری،4خواتین سمیت 9مسافر جاں بحق 6زخمی

143

مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر کے علاقے چکوٹھی کے قریب مسافر جیپ کھائی میں گرنے سے 4 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے، علاقے کی فضا سوگوار۔ تفصیلات کے مطابق مظفرآباد سے 40 کلو میٹر دور ضلع ہٹیاں کے علاقے کھلانہ سے مسافر جیپ چکوٹھی آرہی تھی کہ دکھن کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ہزاروں فٹ کھائی میں جا گری، 4 خواتین سمیت 9 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں کی لاشیں موقع پر ہی ورثا کے حوالے کردی گئیں۔محکمہ صحت کے افسر ڈاکٹر طاہر رحیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 6 زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش
ناک ہے۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مظفر آباد اور ہٹیاں بالا کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے رضاکار اقبال جلال نے بتایا کہ حادثے کے بعد مقامی افراد، فوج اور محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کے عملے نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ جیپ پر 16 افراد سوار تھے۔ واضح رہے کہ آزادکشمیر میں سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت، دشوار گزار پہاڑی راستوں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے حادثات معمول ہیں جن میں ہر سال درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوتے ہیں۔