شیری رحمان پہلی خاتون سینیٹ اپوزیشن لیڈر منتخب

924

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی  سینیٹر شیری رحمان ملک کی پہلی خاتون سینیٹ اپوزیشن لیڈر منتخب ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہوگئی ہیں۔ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شیری رحمان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

رواں ماہ سینیٹ چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے انتخاب کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا اور اکثریتی ممبران کی حمایت حاصل ہونے کی بنا پر وہ منتخب ہوگئیں ہیں۔ شیری رحمان نے سینیٹ قائد حزب اختلاف کا آفس سنبھال لیا ہے، جس کے بعد سینیٹرز نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں آکر انہیں مبارکباد پیش کی۔

شیری رحمان نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نامزد کرنے پر پارٹی قیادت کی شکرگزار ہوں، رضا ربانی، اعتزاز احسن اور اتحادی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں، پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت اور اکثریت کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے سینیٹ کو پہلے سے زیادہ مؤثر اور سرگرم بنانےکا اعلان کیا، حکومت پر پالیسیوں کےحساب سےدباؤ بڑھائیں گے اور جوابدہ بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی، جبکہ ہم وفاق کو بھی مستحکم کریں گے ۔

شیری رحمان کو پیپلزپارٹی کے 20 ارکان کے علاوہ فاٹا کے 6 سینیٹرز کی حمایت بھی حاصل تھی۔