ہم اردو میں ای کامرس اور ایڈورٹائزنگ کو فروغ دیں تاکہ ہم باقی دنیا سے پیچھے نہ رہ جائیں۔ ذیشان جعفری

1577

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) کراچی کی ایک ٹریول ایجنسی نے ایڈورٹائزنگ انڈسٹری میں انگریزی کے مروجہ رجحانات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی ٹریول ایجنسی کو ‘ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی دکان’ کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ 

گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ ٹریول ایجنسی کے سی ای او ذیشان جعفری نے کہا کہ ہم ایڈورٹائزنگ اور برانڈنگ میں زبردستی انگلش ٹھونسنے کے خلاف ہیں آج کل لوگ ہوائی جہاز اوردکان جیسے الفاظ استعمال کرنا اپنی شان کے خلاف سمجھتے ہیں مگر ہم اسکی ترویج کیلئے کام کرنے کے خواہاں ہیں اس لئے اپنے برانڈ کے نام میں ہی ان لفظوں کا استعمال اردو سے ہماری لگن کا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی مقبولیت کے اس دور میں لوگ اردو میں سہولت سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں لیکن انڈسٹری ان کو یہ موقع نہیں دے رہی اور سارے برانڈز سوشل میڈیا پر انگریزی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی ایڈورٹائزنگ میں اردو کا اس کا حق دلوانے کے لئے اپنے قلم کو استعمال کریں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں انٹرنیٹ کے صارفین تعداد 35 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جس میں سے 32 ملین سے زائد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 40 ملین سے زائد ہے جبکہ آن لائن شاپنگ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث یہ 2020 تک سالانہ 10 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائے گا۔ 

اس لئے اب ضروری ہے کہ ہم اردو میں ای کامرس اور ایڈورٹائزنگ کو فروغ دیں تاکہ ہم باقی دنیا سے پیچھے نہ رہ جائیں۔