نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے لیے قومی ایوارڈز

234

اسلام آباد/ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک+ اسٹاف رپورٹر)یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک اور قوم کے لیے اہم خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو قومی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں ایوان صدر جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں گورنر ہاؤس میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان پر ایوارڈز دینے کی خصوصی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی،صدر مملکت ممنون حسین نے ملک اور قوم کے لیے اہم خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو 58 ملٹری اور 73سول ایوارڈز دیے ۔ گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر نے 19 افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کیے،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج اعزاز حاصل کرنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنا فن زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو منتقل کرنے کی کوشش کریں۔گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں 27 شخصیات کو صدر پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈز دیے جبکہ اس حوالے سے گورنر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے گورنر ہاؤس پشاور میں 5شخصیات میں صدارتی ایوارڈ تقسیم کیے۔ علاوہ ازیں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں3 شخصیات کو صدارتی ایوارڈ عطا کیے۔