کوئٹہ، ماہر تعلیم پروفیسر فضل حق میر 75 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

162

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) بلوچستان کے ممتاز ماہر تعلیم اور فلاحی ادارے تعمیر نو بلوچستان ٹرسٹ کے سیکرٹری پروفیسر فضل حق میر انتقال کرگئے۔ 75 سالہ پروفیسر فضل حق میر کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ انفیکشن کی وجہ سے ان کے گردے بھی بری طرح متاثر ہوگئے تھے۔ پروفیسر فضل حق میر چند دنوں سے کڈنی سینٹر کوئٹہ میں زیر علاج تھے۔ جہاں اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ پروفیسر فضل حق میر کی نماز جنازہ تعمیر نو کالج گراؤنڈ میں ادا کی گئی جبکہ تدفین کاسی قبرستان میں کی گئی۔ پروفیسر فضل حق میر نے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ بلوچستان کے لیے ان کی تعلیمی خدمات 50 سال سے زائد عرصے پر محیط ہیں۔ انہوں نے تعیمر نو ٹرسٹ بلوچستان قائم کیا، جس کے لیے وہ سیکرٹری کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے تعمیر نو بلوچستان ٹرسٹ کے تحت سات تعلیمی ادارے قائم کیے جہاں سیکڑوں طلبہ اور طالبات تعلیم کے زیور سے آراستہ ہورہے ہیں۔ پروفیسر فضل حق میر کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ، ستارہ امتیاز سمیت کئی مرتبہ بہترین ماہر تعلیم کے ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا، سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے پروفیسر فضل حق میر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔