گوادر، یوم پاکستان پرنیوی اور سماجی تنظیم کے تحت بوٹ ریلی

170

گوادر (نمائندہ جسارت) یوم پاکستان پر رنگارنگ تقریب کا انعقاد۔ پاک نیوی اور میر عبدالغفور کلمتی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے بوٹ ریس جبکہ سول سوسائٹی کی جانب سے کار ریلی، شہریوں کا جوش و خروش، ایف سی 88 ونگ کے زیر اہتمام ٹی 10 کرکٹ میچ کا انعقاد، کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم۔ 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر گوادر میں شاندار اور رنگارنگ تقریبات کا انعقاد۔ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پاک نیوی کی طرف سے گوادر منی پورٹ پر بوٹس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں درجنوں بوٹس نے شرکت کی ۔ قومی پرچم لگائے بوٹس ریلی کا آغاز گوادر منی پورٹ سے ہوااور مقررہ حد گزروان تک رہا اور واپس منی پورٹ پر اختتام پزیر ہوا۔ بوٹ ریلی کے مہمان خاص پاک نیوی کے کموڈور ذیشان تھے۔ بوٹ ریلی دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جی ٹی پر موجود تھی۔ جبکہ یوم پاکستان کے موقع پر دوسری بوٹ ریلی میر عبدالغفور کلمتی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام کی گئی جو گزروان وارڈ سے شروع ہوکر جی ٹی تک حد مقررہ سے ہوتے ہوئے واپس گزروان وارڈ پر اختتام پزیر ہوئی۔ اس موقع پر خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی تقریب کے مہمان خاص سینیٹر کہدہ بابر ، کمانڈر 440بریگیڈ بریگیڈئر کمال اصفر، اسسٹنٹ کمشنر جمیل بلوچ، اے ڈی سی سلطان خان بگٹی اور میر ارشد کلمتی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے، زندہ قومیں ہمیشہ اپنی قوم سے پیار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے بڑی قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم باہم متحد ہوکر اپنے ملک کی خدمت کریں ۔ جبکہ یوم پاکستان کے موقع پر میر ابوبکر دشتی، ڈاکٹر برکت بلوچ، ماجد دشتی، ضلع وائس چیئرمین نعمت اللہ ہوت کی قیادت میں سول سوسائٹی کی جانب سے کار ریلی نکالی گئی۔ ریلی کشتی چوک سے شروع ہوکر مختلف شاہراؤں سے گزرتا ہوا سیرت النبی چوک پر ختم ہوئی۔