گوادر، ٹینکر مالکان نے پانی کی فراہمی روکنے کا اعلان کردیا 

175

گوادر (نمائندہ جسارت) ٹینکر مالکان نے پیسوں کی عدم ادائیگی پر پانی کی سپلائی روکنے کا اعلان کردیا۔ 26 مارچ سے میرانی ڈیم سے پانی کی سپلائی بند کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹینکر مالکان کے درمیان پانی سپلائی کے کرائے کی ادائیگیوں کا تنازع پھر شروع ہوگیا ہے۔ ٹینکر مالکان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پر ہمارے چھے ماہ کے واجبات واجب الادا ہیں۔ اس حوالے سے ان کی جانب سے 15 مارچ کو ڈپٹی کمشنر گوادر کو ایک درخواست پیش کرکے 20 مارچ تک ادائیگیوں کا الٹی میٹم دے گیا تھا لیکن 23 مارچ یوم پاکستان کی وجہ سے ہم نے 20 مارچ کا فیصلہ مؤخر کیا تھا لیکن تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کو تسلی بخش جواب نہیں ملا ہے اور نہ ہی کرایے کی ادائیگیوں کا معاملہ نمٹا گیا ہے اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کو کوئی تسلی بخش جواب موصول ہوا ہے۔ پانی کی سپلائی کے کرایے کی ادائیگیوں کی مد میں ہونے والی غیر معمولی تاخیر کی وجہ سے 26 مارچ سے غیر معینہ مدت کے لیے پانی کی سپلائی رو کنے کا اعلان کرتے ہیں اور جب تک واجبات ادا نہیں کیے جاتے پانی کی سپلائی بھی شروع نہیں کریں گے۔