ایف  بی آر نے وفاقی بجٹ کے لیے تجاویز اور سفارشات کوحتمی شکل دے دی ہے

614

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اگلے مالی سال2018-19کے وفاقی بجٹ کے لئے تجاویز اور سفارشات کوحتمی شکل دے دی ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال ایف بی آر بجٹ سے دوتین ماہ بجٹ سازی کے سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کاعمل شروع کرتاہے

وفاقی ایوانہائے تجارت وصنعت(ایف پی سی سی آئی) ملک بھر کی چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور ٹریڈ باڈیز بھی بجٹ تجاویز بھی ایف بی آر کو ارسال کی جاتی ہیں اور یوں مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد ایف بی آر بجٹ تجاویز اور سفارشات کوحتمی شکل دے کرحکومت کوارسال کردیتاہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے اس سال بھی بجٹ سازی کے سلسلے میں تاجر برادری ‘ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ‘ٹیکس بارز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے طویل مشاورت کی ہے اور اب بورڈ نے بجٹ تجاویز اور سفارشات کوحتمی شکل دے دی ہے جو آئندہ کاروباری ہفتے کے دوران وفاقی مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل وفاقی کابینہ وفاقی وزارت خزانہ‘ وزارت تجارت اور تمام متعلقہ وزارتوں اورسرکاری محکموں کوارسال کردی جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے چیمبرآف کامرس‘ ٹیکس بارز اور چھوٹے تاجروں کی تنظیموں کی سفارشات پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کی غرض سے ٹیکس گوشوارہ فارم کوانتہائی سہل اور سادہ بنانے کے ساتھ ٹیکس گوشوارے داخل کرانے میں حائل مشکلات اور پیچیدگیوں کو ختم کردیاہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس گوشوارہ فارم اور ٹیکس گوشوارہ داخل کرنے کے نظام کوسہل بنانے کی غرض سے اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات کوشامل کیا گیاہے۔

ذرائع نے کہا کہ ایف بی آر نے مالیاتی قوانین کی اناملیز کوختم کرنے سے متعلق فنانس بل میں کی جانے والی ترامیم مرتب کرنے کاٹاسک سونپا گیاتھا اسی طرح مالیاتی قوانین کی انتظامی مشکلات دور کرنے کے سلسلے میں تجاویز مرتب کرنے کیلئے ایف بی آر نے اپنی فیلڈ فارمشنز کورہنما ہدایات بھی جاری کی تھیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کسٹمز کی سطح پر دومراحل میں تجاویز تیار کی گئی ہیں جن میں ایف بی آر اور فیلڈ فارمشنز نے حصہ لیاہے جس کیلئے چیف کلکٹرز(اپریزمنٹ‘ انفورسمنٹ) ڈائریکٹر جزلز برائے ٹرانزٹ ٹریڈ‘ ویلیو ایشن‘ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن‘ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ‘ انٹرنل آڈٹ‘ کلکٹرز بر ائے اپریزمنٹ ‘ پریونٹیو‘ ایکسپورٹس‘ ایڈجیوڈی کیشن وغیرہ۔ ڈائریکٹرز(ٹرانزٹ) ٹریڈ‘ ویلیو ایشن انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن وغیرہ‘ اور تمام متعلقہ ایڈیشنل کلکٹرز‘ ڈپٹی کلکٹرز اوراسسٹنٹ کلکٹرز نے حصہ لیاتھا جبکہ بجٹ تجاویز اور سفارشات کی تیاری میں تمام اعلیٰ افسران بشمول ممبر کسٹمز‘ ممبران لینڈ ریونیو پالیسی چیف انٹرنیشنل ٹیکس‘ چیف سیلز ٹیکس اینڈ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی‘ چیف انکم ٹیکس پالیسی‘ چیف لاء اینڈ کلریفکشن‘ سیکرٹری ایکس چینج آف انفارمیشن سمیت دیگر سیکریٹریز نے نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔