اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل۔ اسرائیل کیخلاف 5 قراردادیں منظور ، امریکا برہم

875

نیویارک(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف 5 قراردادیں منظورکرلیں۔جنیوا میں ہونے والے انسانی حقوق کونسل کے 37ویں سیشن میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی درخواست پر قراردادوں کی منظوری دی ۔انسانی حقوق کونسل نے مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیتے ہوئیکہا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت قبول نہیں،اس حوالے سے منصفانہ فیصلہ کیا جائے گا۔ کونسل نے

اپنے ہر اجلاس میں غرب اردن کے علاقوں میں اسرائیل کے اقدامات کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ بھی دیا۔کونسل نے اپنے تازہ موقف میں فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعلان کیا ۔اسرائیل مخالف قراردادیں منظور ہونے پرامریکا نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کی دھمکی دے دی۔اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی کا کہنا ہے کہ پینل کا فیصلہ بے وقوفانہ ہے، جس میں اسرائیل کو نشانا بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ اسرائیل کے خلاف جانبدار ہو کر فیصلہ کیا گیا ہے، اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کونسل اپنی ذمے داری نبھانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اسرائیل مخالف قراردادیں منظورکرنے کا عمل جاری رہا تو امریکا انسانی حقوق کونسل سے باہر نکل جائے گا۔