دنیا وآخرت کی کامیابی کے لیے قرآن کو دستور بنانے کی ضرورت ہے

113

ٹھٹھہ (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرحافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ دنیا وآخرت کی کامیابی کے لیے قرآن کو اپنی زندگی کا دستور اور اس کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم القرآن گھارو میں منعقدہ ختم القرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قرآن پوری انسانیت کے لیے روشنی کا مینار ہے، جو امن، محبت ایک دسرے کے ساتھ خیر خواہی، امانت ودیانت کا درس دیتا ہے۔ قرآن مجید ایک انقلابی کتاب ہے، جومعاشی انقلاب سے لے کرسیاسی انقلاب تک امت کی رہنمائی کرتا ہے۔ جس میں عام آدمی سے لے کر خاص آدمی تک برابر عدل وانصاف کا پیمانہ ہے۔ کاش قوم اس انقلابی کتاب کو مسجد ایوانوں تک پہنچاتی تو ان کے تمام تر مسائل حل اور مشکلیں آسان ہوجاتیں مگر ہم نے اس انقلابی کتاب قرآن مجید کو صرف تعویز گنڈوں، جھاڑ پھونک، خوشی وغمی اور فصلوں کی حفاظت کے لیے استعمال کیا، جس کا نتیجہ قوم بھوک وافلاس بے حیائی وبے سکونی کی صورت میں بھگت رہی ہے۔ اس موقع پر مولانا عبدالحفیظ بجارانی، مولانا عبدالحمید شورو اور عبدالسمیع ہالیپوتہ نے بھی خطاب کیا۔