عالمی برادری کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ، میاں مقصود

168

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے اور پاکستان زندہ باد کی صدائیں بلند کرنے سے ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت اپنے تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کو استعمال کرنے اور آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے ظالمانہ طرز عمل اختیار کرنے کے باوجود نہتے کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ کشمیریوں کی آواز توانا ہوتی چلی جارہی ہے۔ تمام تر پابندیوں کے باوجود کشمیریوں نے یوم پاکستان جوش وجذبے سے منا کر یہ بتادیا ہے کہ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور مغلوب ہوکر زندگی نہیں گزارنا چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی دفتر منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے۔ آئے روز ہزاروں لاکھوں کشمیری بھارتی ظلم وستم اور جبری تسلط سے آزادی کے لیے احتجاج کرتے نظر آتے ہیں۔ بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اور منفی چالوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کا نعرہ بلند کررہے ہیں۔ عالمی برادری بے حسی کا مظاہرہ چھوڑ کر کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلائے۔ حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن کے نام پر نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات میں اضافہ لمحہ فکر ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کی آزادی کے بغیر برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا ادھورا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے اصل حقائق دنیا کے سامنے لائے۔ غیر ملکی میڈیا بھی اس بات کا برملا اظہار کررہا ہے کہ بھارت نے 70 برسوں میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو شہید، 22 ہزار خواتین کو بیوہ، ہزاروں بچوں کو یتیم، 5 لاکھ سے زائد افراد کو زخمی اور 15 ہزار سے زائد نوجوانوں کو عقوبت خانوں میں ڈال رکھا ہے مگر عالمی دنیا کی کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموشی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ جب تک مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد نہیں کرالیا جاتا، جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔