حوثی باغیوں کےسعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے،  ایک شخص ہلاک

983

ریاض: حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر یک کے بعد دیگرے میزائل حملوں میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق یمن میں باغیوں سے برسرپیکار اتحادی افواج کے ترجمان کرنل المالکی نے بتایا ہے کہ حوثی باغیوں نے  ریاض کی جانب 3 جب کہ  خمس مشائط اور نجران پر دو دو میزائل داغے ہیں ،جبکہ اتحادی افواج نے ساتوں میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرکے شہریوں کو بڑے جانی نقصان سے بچالیا۔

دوسری جانب سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے نے شہری دفاع کے ترجمان میجر محمد الحمادی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریاض کے متعدد رہائشی علاقوں میں تباہ شدہ میزائلوں کے ٹکڑے  گرے ہیں۔ جن سے ایک شخص ہلاک دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جن کا تعلق مصر سے ہے۔

وزارت  شہری دفاع کا کہنا تھا کہ ریاض کی جانب دور تک مار کرنے والے تین میزائل داغے گئے تھے، میزائل کے ٹکڑوں کو تحویل میں لے کر اس کی ساخت کا جائزہ لینے کے لیے لیبارٹری بھیجوا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یمن میں یمن میں سعودی عرب کی سرپرستی میں اتحادی افواج کی فوجی کارروائیاں تین سال سے جاری ہیں، اس دوران باغیوں سے جھڑپ کے دوران ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیںیاد رہے کہ حال ہی میں ولی عہد سعودی عرب محمد بن سلمان نے یمن میں قیام امن کے لیے امن مذاکرات کا بھی عندیہ دیا تھا جس کے بعد سعودی سفارت کار اور یمن باغیوں کے درمیان خفیہ مذاکرات کا آغاز بھی ہوا تھا۔

اس سے قبل بھی ریاض کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے سعودی فضائیہ نے ناکام بنا دیا تھا۔