مسیحی برادری نے پا کستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا

151

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پا کستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کرادار ادا کیا ہے اور جماعت اسلامی نے اپنے انتخابی منشور میں اس حو الے سے انقلابی پروگرام رکھا ہے، اسلامی ریاست مسلم اور غیر مسلم کی تفریق کے بغیر شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی ذمے دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا اکثریت اور اقلیتوں کا مشترکہ اثاثہ ہے، ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں، جماعت اسلامی ملک میں فلاحی،۱سلامی اور مثالی نظام لائے گی، جس نظام میں تمام پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ ہوگا اور اقلیتوں کو آئینی وقانونی حقوق حاصل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے تحت مسیحی برادری کے اعزاز میں دیے گئے ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ممبر قومی اسمبلی پرویز مسیح، جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے صدر جمیل کھوکھر، سلیم رضا، پطرس جوزف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر ترقی اور صفائی کے حوالے سے مسیحی برادری کا کلیدی کردار ہے اور ہم ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں، جماعت اسلامی ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین میں اقلیتوں کو دیے گئے حقوق کے تحفظ کی علمبردار ہے، مذاہب کے درمیان باہمی احترام سب کے لیے لازم اور پاکستان کی ترقی اور امن کے لیے سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔