یہود و نصاریٰ نے دنیا کا امن تباہ و برباد کرکے رکھ دیا‘ میاں مقصود

184

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے برطانوی جج ’’ہیڈن کیوو‘‘ کے ریمارکس کہ ’’قرآن امن وسلامتی کی کتاب اور اسلام امن کا مذہب ہے‘‘ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی جج کی جانب سے دین اسلام کے آفاقی پیغام کا اعتراف اور قرآن وسنت کی حقانیت کو تسلیم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان امن پسند ہیں اور ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ مغربی ممالک ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت انتہا پسندی کو اسلام سے جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا میں امن، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے، ایک بے گناہ کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے۔ کسی بھی قسم کی انتہا پسندی کی دین اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔ دین اسلام اعتدال کو پسند کرتا ہے اور دنیا وآخرت دونوں کو ساتھ لے کر چلنے کی تلقین کرتا ہے۔ کفار اور ان کے آلہ کار مسلمانوں کا تعلق دہشت گردی کے واقعات سے جوڑ کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کرنا چاتے ہیں۔ ان کی کسی بھی قسم کی کوئی سازش نہ پہلے کامیاب ہوئی اور نہ آئندہ کامیاب ہوگی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذاتی اختلافات کو ختم کرے۔ بصورت دیگر دشمن قوتیں ہمیں ترنوالہ سمجھتی رہیں گی۔ یہود و نصاریٰ نے دنیا کا امن تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔ جنگ عظیم اول اور دوم مسلمانوں نے شروع کی تھیں نہ جاپان پر ایٹمی حملہ کسی مسلمان ملک نے کیا تھا۔ بلکہ انسانیت کاچیمپئن کہلانے والے امریکا نے لاکھوں افراد کو ایک ہی لمحے میں لقمہ اجل بنادیا تھا۔ آج بھی امریکا اور اس کے اتحادی عراق اور افغانستان جنگ میں پندرہ لاکھ سے زائد افراد کو ناحق موت کے گھاٹ اتار چکے ہیں مگر ان کو پوچھنے والاکوئی نہیں۔ عالمی حقوق کا محافظ ادارہ اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ دجال قوتیں مسلمانوں کیخلاف برسر پیکار ہیں۔ وہ دنیا میں تیزی سے پھیلتے ہوئے دین اسلام کی قوت سے خائف ہوکر اس کا راستہ روکنے کی ناکام کوششیں کررہی ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی اسلام سب سے بڑی قوت بن کر ابھرے گا۔