بلدیہ جنوبی: محکمہ تعلیم میں اسکولوں کے فنڈز ہڑپ کرنے کی روایات برقرار

162

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع جنوبی کے محکمہ تعلیم میں اسکولوں کے فنڈ ہڑپ کرنے کی روایات برقرار۔سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ وطالبات کو شیلڈز دینے کے نام پر اسکولوں سے فی کلاس 500روپے طلب کرلیے،زون لیاری میں اسکولوں کی تعداد52 جبکہ صدر میں 49 ہے۔ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے بجٹ میں نمایاں کارکردگی کے حوالے سے فنڈ کی مد بھی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران لیاری جیسے پسماندہ علاقے میں رہائش پذیر طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیم اور بہترین اساتذہ کی خدمات دینے کے بجائے لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں۔ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی محکمہ تعلیم زون لیاری اور زون صدر نے اپنے زون کے تمام اسکول سربراہان کو بذریعہ فون کال اور ایس ایم ایس ہدایات جاری کی ہیں کہ اسکول میں سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ وطالبات کو شیلڈز دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے جس سے طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی ہو۔اس حوالے سے اسکول سربراہان اپنے اسکول کی فی کلاس 500روپے اے ڈی او آفس میں تعینات استاد فریدہ قادر بخش اور پروگرام کورڈینیٹر راحیل کو جمع کرائیں جبکہ زون صدر کی ذمے داری ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن طاہرہ نواب کی ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پرائمری اسکول 3ہزار،ایلمنٹری 4 ہزار اور سکینڈری5ہزار تک کی رقم جمع کرانے کا مجاز ہے جبکہ یہ رقم اسکول سربراہان اپنی جیب کے بجائے اسکول منیجمنٹ فنڈ سے جاری کریں گے جوکہ سراسر غلط ہے۔ اسکول منیجمنٹ فنڈ بہت سے کاموں جیسا کہ اسکول کے رنگ و روغن،فرنیچر کی مرمت،اساتذہ کی تنخواہیں اور پینے کے پانی کی مد میں خرچ کیے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے بجٹ میں نمایاں کارکردگی کے حوالے سے لاکھوں کا فنڈ بھی موجود ہے اس کو استعمال کرنے کے بجائے تعلیمی اداروں کے اسکول منیجمنٹ فنڈ کو ختم کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر یحییٰ انصاری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کال وصول نہیں کی۔