سندھ ڈاکٹرز اتحاد کا 7اپریل سے صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان 

441

 سیکریٹری صحت مسائل کا حل کرنے کے بجائے بیرون ملک چھٹیاں گزارنے کیلئے روآنہ ہو گئے 

سندھ کے ڈاکٹروں کو دیگر صوبوں کے مقابلے کم تنخواہیں دی جارہی ہیں جبکہ کنٹریکٹ ڈاکٹروں مستقل ہونے کے منتظر ہیں

وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کریں ورنہ دمادم مست قلندرہوگا، صدرسندھ ڈاکٹرزاتحادڈاکٹرمحمدعلی تھلہو

کراچی: سندھ ڈاکٹرز اتحادنے 7اپریل سے صوبے بھرمیں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور پھر ڈاکٹرز ریلی کی صورت میں مصروف ترین شاہراہ شارعِ فیصل پر دھرنا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سندھ ڈاکٹرز اتحاد کے بانی و صدر ڈاکٹر محمد علی تھلہو نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے ڈاکٹروں کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں انتہائی کم تنخواہ اور مراعات دی جارہی ہیں جبکہ ہیلتھ رسک الاؤنس بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ 250سے زائد MNCHمیں کام کرنے والی لیڈی ڈاکٹرز اور تھر میں خدمات انجام دینے والے کنٹریکٹ ڈاکٹرز کو مستقل نہیں کیا گیا جبکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ گزشتہ 9ماہ سے کنٹریکٹ ڈاکٹرز تنخواہوں سے بھی محروم ہیں۔ ڈاکٹر محمد تھلہو نے کہا کہ ڈاکٹروں کودرپیش مسائل کیلئے گزشتہ 1ماہ سے صوبے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 2گھنٹے OPDs احتجاجاً بند کی جارہی تھیں

doctors-strikeislamabad-doctors-strikeحکومت کے کان پر جون تک نہیں رینگی۔ جس کے بعد سندھ بھر کے ڈاکٹروں نے متفقہ طور پر اپنے حقوق کیلئے احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹروں کے مسائل کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر تاحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ ڈاکٹرز اب اپنے حقوق کیلئے بھرپور احتجاج کریں گے کیونکہ محکمہ صحت صوبے بھر کے اسپتالوں کو تالا لگوانا چاہتے ہیں ۔سیکریٹری ہیلتھ کے معتصبانہ رویئے پر صوبے بھر کے ڈاکٹروں میں شدیدتشویش پائی جاتی ہے کیونکہ سیکریٹری صحت فضل اللہ پیچوہوڈاکٹروں کے مسائل کا حل کرنے کے بجائے بیرون ملک چھٹیاں گزارنے چلے گئے ہیں اس سبب سندھ کے ڈاکٹرزسراپا احتجاج ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پہلے بھی ڈاکٹروں کے مسائل کے حل میں اہم کردارادا کیا اب بھی ہماری وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل ہے کہ سندھ بھر کے ڈاکٹروں کے مسائل اورجائز مطالبات کو فوری طورپر حل کرنے کے احکامات جاری کریں بصورت دیگر ڈاکٹرزسڑکوں پر ہوں گے اور دمادم مست قلندرہوگا۔