اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات اسمگلروں کیخلاف کارروائی،3ملزمان گرفتار

199

راولپنڈی(اے پی پی) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف )نے بینظیر ائرپورٹ پرمنشیات اسمگلروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے3ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور دیگر قیمتی سامان بر آمد کر لیا ہے۔این ایف حکام کے مطابق ائر پورٹ پر اے ایس ایف اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے گزشتہ ایک ہفتے میں منشیات اسمگلنگ کرنے والے افرادکے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔اے این ایف حکام کا کہنا ہے لاگوس جانے والے نائیجیرین مسافر سے آئس ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا ۔ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ پر دوران چیکنگ اے این ایف کے اہلکاروں نے غیر ملکی پرواز ٹی کے 710 پر ترکی کے راستے لاگوس جانے والے ملزم چمپاکام کو حراست میں لیا۔ملزم سے آئس ہیروئن اور ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کیے گئے ۔ ملزم نائیجیریا ایمبیسی کی جانب سے جاری اتھارٹی لیٹر پر لاگوس جا رہا تھا۔ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ اے این ایف منتقل کر دیا گیا ہے۔بینظیر ائرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کے دوران بیرون ملک جانے والے مسافر کے سامان سے5 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔ملزم آفتاب نجی ائرلائن کی پرواز ڈبلیو وائے 346 سے مسقط جانا چاہتا تھا۔ملزم آفتاب کا تعلق گجرات سے ہے ۔گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا ۔دریں اثنا ترکی سے اسلام آباد آنے والے مسافر غفور شہباز کے سامان سے لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی شراب کی 9 بوتلیں برآمد کی گئیں جبکہ دوسری کارروائی میں جاپان سے آنے والے مسافر کے سامان سے 75 قیمتی اسمارٹ فون،بیٹریاں اور پاؤچ برآمد کیے گئے۔