جشن بہاراں کو کامیاب بنانے میں تاجر برادری تعاون کرے۔کیپٹن مشتاق 

491

جشن بہاراں کے موقع پر مارکیٹوں میں عوام کو خریداری پر ڈسکاؤنٹ دیا جائے۔ شیخ عامر وحید

اسلام آباد: اسلام آباد کے ڈپٹی کمیشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) مشتاق احمد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اسلام آباد میں تین روزہ جشن بہاراں منعقد کرنے کی تفصیلات سے تاجر برادری کو آگاہ کیا اور اس کو کامیاب بنانے کے بارے میں ان کا تعاون چاہا۔ اسلام آباد کی مارکیٹ تنظیموں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کیپٹن (ریٹائرڈ) مشتاق احمد نے کہا کہ دنیا بھر میں بہار کی آمد کے موقع پر مختلف تہوار اور جشن منائے جاتے ہیں لیکن دہشت گردی کی وجہ سے ملک کے دیگر حصوں سمیت اسلام آباد میں کافی عرصہ سے اس قسم کی کوئی سرگرمی منعقد نہیں کی گئی ۔تاہم انہوں نے کہا کہ اب حالات کافی بہتر ہو گئے ہیں لہذا مقامی انتظامیہ نے 6اپریل سے اسلام آباد میں ایک عالمی سطح کا تین روزہ جشن بہاراں منعقد کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دینے کیلئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔
ڈپٹی کمیشنرکیپٹن (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب 6اپریل کو فاطمہ جناح پارک میں منعقد ہو گی جبکہ اس کے تحت تین دنوں میں مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے جن میں فیملی گالا، فوڈ فیسٹیول، بچوں کیلئے پروگرام، ثقافتی پروگرام، سائکلنگ مقابلہ، واٹر سپورٹس مقابلہ، پھولوں کی نمائش اور آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری تین روزہ جشن بہاراں کے موقع پر مارکیٹوں کی آرائش کرے اور ان میں جشن کا سماں پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام شالیمار گراؤنڈ میں 8اپریل کو خصوصی افراد کا کرکٹ میچ کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جشن بہاراں کے تحت کنونشن سنٹر میں ایک میوزک پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور کہا کہ چیمبر اس پروگرام کو سپانسر کرے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تین روزہ جشن بہاراں کی وجہ سے وفاقی دارالخلافہ میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشن بہاراں کو ہر سال منانے کی کوشش کی جائے گی اور اس کا دورانیہ ہفتہ سے پندرہ دن کا بڑھایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ وزارت داخلہ کے تحت مقامی انتظامیہ کی طرف سے تین روزہ جشن بہاراں کا انعقاد ایک قابل ستائش پیش رفت ہے کیونکہ اس کے انعقاد سے دنیا کو ایک مثبت پیغام جائے گا اور سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری جشن بہاراں کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے اجلاس میں موجودہ مارکیٹوں کے نمائندگان پر زور دیا کہ وہ تین روزہ جشن بہاراں کے دوران عوام کو خریداری پر مناسب ڈسکاؤنٹ دینے کی کوشش کریں تا کہ ان کی خوشیاں دوبالا ہوں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید، سینئر نائب صدر نثار مرزا، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، باصر داؤد، محمد اعجاز عباسی، بلیو ایریا سے یوسف راجپوت، آبپارہ مارکیٹ سے ملک ظہیر، سپر مارکیٹ سے شہزاد عباسی، فوٹ سٹریٹ کی طرف سے راجہ ذولشان، آئی ایٹ مرکز سے راجہ فیاض گل، جی نائن کراچی کمپنی سے راجہ ذوالفقار ، جی الیون سبزی منڈی سے طاہر ایوب، جی ٹن مرکز سے سردار عابد، ایف سکس ون سے خالد چوہدری، جی ایٹ سے وسیم عباسی، گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے بابر چوہدری، محترمہ ناصرہ علی، عباسی ہاشمی، اجمل بلوچ ، سید عادل انیس ا ور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جشن بہاراں کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔