پاکستانی افرادی قوت تین لاکھ سالانہ تک لے جانے کا ارادہ ہے، قطری قونصل جنرل 

641

برادر اسلامی ملک پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کرے، سلمان اسلم 

کراچی: پاکستانی افرادی قوت میں تین لاکھ سالانہ تک اضافہ کیا جائے گا، پاکستان کے قطر میں آن ارائیول ویزہ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم ہونا چاہیے۔ یہ بات قونصل جنرل قطر مشال ایم الانصاری نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں اپنے خطاب کے موقع پر کہی ۔

اس موقع پر کاٹی کے سینئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، کائٹ ڈی ایم سی کے چیئرمین و سی ای او زبیر چھایا، سابق صدر کاٹی فرحان الرحمن، محمو الحسن اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیاجبکہ قطری سفارتی مشن کے نائب سربراہ مبارک سعید المری، قونصل جنرل قطر کے مشیر محمد انور، کاٹی کے سینیئر ارکان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاٹی عہدیداران نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ قدروں کی بنیاد پر مضبوط و مستحکم ہیں، تجارتی سطح پر ان تعلقات کو مزید بلندیوں پر لے جانے کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کا باہمی تعاون اور مشترکہ منصوبے انقلابی تبدیلیوں کا باعث بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی بہتر صورت حال اور دیگر مثبت اعشاریوں کو دیکھتے ہوئے برادر اسلامی ملک قطر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے قونصل جنرل مشال ایم الانصاری نے کہا کہ قطر خلیج میں پیدا ہونے والے سفارتی بحران کے اثرات سے مکمل طور پر نکل چکا ہے، بلکہ اس دور میں کئی نئے مواقع اور تجارتی راستے سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں کاروبار، سرمایہ کاری، تجارت اور لیبر سمیت کئی شعبوں کے حوالے سے نئے قوانین متعارف کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستانی مسافروں کو قطر کے آن ارائیول ویزہ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ برسوں میں قطر پاکستانی افرادی قوت کی تعداد ایک لاکھ سالانہ سے بڑھا کر تین لاکھ تک لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ قونصل جنرل قطر نے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کی صورت حال اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے قطر کے وژن 2030اور قطر کی مجموعی معاشی صورت حال سے متعلق بھی شرکا کو آگاہ کیا۔