اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کے حق میں قرارداد صرف کاغذی طور پر منظور کی گئی ہے۔ ڈاکٹر خالد محمود قدومی

303

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود قدومی نے اعلان کیا ہے کہ 30مارچ کو یوم الارض کے حوالے سے فلسطین بھر میں ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے ،23 مارچ کی مناسبت سے پاکستان کے عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، 42سال گزرنے کے باجود اب تک فلسطینی اپنے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں ، پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کاز کی حمایت کی ہے ،

امریکا اقوام متحدہ کے فیصلے کے خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینی عوام پر ظلم کررہا ہے اور اسرائیلی فوج کی سرپرستی کررہا ہے ، اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کے حق میں قرارداد صرف کاغذی طور پر منظور کی گئی ہے ، تل ابیب اور ملحقہ علاقوں سے سفیر نہیں نکالے گئے ،مسئلہ فلسطین کے خلاف سنگین سازشیں کی جا رہی ہیں ،مسلم ممالک القدس میں امریکی سفارت خانہ کی منتقلی کے فیصلہ کے خلاف موثر اقدامات کریں ،اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنانے والے ممالک فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کے یوم الارض کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مظفر ہاشمی، محفوظ یار خان، مولانا باقر زیدی، پیر ازہر ہمدانی، کرامت علی، عمران شہزاد اور صابر ابو مریم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر خالد محمود قدومی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ فلسطینی اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور آخری سانس تک حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ سینگالی وزیراعظم کا اسرائیلی فوج کے ساتھ مسجد اقصیٰ میں جانے کی شدید مذمت کرتاہوں اور ان سے پوچھتا ہوں کہ وہ بتائیں کہ ان کا تعلق کس مذہب سے ہے ؟ ایک جانب وہ مسجد اقصیٰ میں جاتے ہیں تو نما ز پڑھتے ہیں اور دوسری جانب یہودویوں کے ساتھ ان کی عبادگاہوں میں سر جھکاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ،اسرائیل اور انڈیا مسلمانوں کے دشمن ہیں ، یہ کبھی بھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔

بھارت کا اسرائیل کے ساتھ اسلحے کی خریدو فروخت میں ایک بلین ڈالر ڈیل اس بات کی علامت ہے کہ یہودونصاریٰ کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے ، فلسطین واپسی کے حق کی جدوجہد جاری رکھیں گے ،فلسطین کے عوام کسی صورت جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اسرائیل صرف فلسطین کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے ،تمام عالم اسلام کے ممالک سے مطالبہ کرتاہوں کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور فسلطینی بھائیوں سے اظہار ہمدردی کریں۔

مظفر احمد ہاشمی نے کہا کہ القدس فاؤنڈیشن کے تحت جمعیت الفلاح میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم الارض کے حوالے سے سیمینا ر کا انعقاد کیا جائے گا۔