***۔۔۔۔۔۔اندرون ملک سے ۔۔۔۔۔۔***

217

عالمی استعماری قوتوں کو مسلم ممالک میں امن اور ترقی برداشت نہیں
فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک، یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ یمن اور شام میں عالمی اداروں کی سرپرستی میں جارحیت کا جاری رہنا، امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازش ہے۔ سعودی حکمران قائدانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استعماری قوتوں کو مسلم ممالک میں امن اور ترقی برداشت نہیں۔ اس لیے شام اور یمن میں بیرونی مداخلت کی جارہی ہے۔ شام کے عوام موجودہ حکمران بشارالاسد سے نجات چاہتے ہیں مگر روس اور ایران، ڈکٹیٹر کی سرپرستی کرکے اسے بہر صورت برسر اقتدار رکھنا چاہتے ہیں۔ حوثی باغی بیرونی اشاروں پر ارض حرمین شریفین پر گولہ باری کررہے ہیں۔ انہیں خبردار کرتے ہیں کہ دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کے تقدس پر اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔ مسلم حکمران دشمنوں کے آلہ کارنہ بنیں۔ جو ممالک اس بدامنی میں ملوث ہیں وہ جارحیت سے باز آجائیں۔ امت مسلمہ نفاق کا شکار ہوئی تو محفوظ نہیں رہے گی۔