حکومتیں اپنا کام دیانتداری سے سرانجام دیں تو عدلیہ کو مداخلت کا موقع نہیں ملے گا

157

کراچی(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومتیں اگرعوام کو صاف پانی،صحت اورتعلیم کی سہولیات فراہم کرنے سمیت اپنا کام دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیں تو عدلیہ سمیت کسی کو مداخلت کا موقع نہیں ملے گا۔حکومت کے عوام دشمن اقدامات وکرپشن کے خلاف لوگ سراپا احتجاج ہوتے ہیں جب ان کی دادرسی نہیں ہوتی تو پھر مجبوراًلوگ انصاف کے حصول کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔انہوں آج ایک بیان میں کہاکہ مہنگائی وبیروزگاری سمیت ملک سے توانائی بحران پانچ سال میں بھی حل نہیں ہوسکا،البتہ عوام کا خون نچوڑنے کے لیے ٹیکس پر ٹیکس اورعیاشیاں پوری کرنے کے لیے ملکی وبیرونی قرضوں میں حکمرانوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔جب کرپشن ،نااہلی اوراقرباپروری کی پالیسیوں پرگرفت ہوتی ہے تو پھر اسے انتقام یا مجھے کیوں نکالا کاراگ الاپا جاتاہے۔کرپشن ودہشتگردی کے شیطانی کھیل کے خاتمے کے لیے بلاتفریق اورشفاف احتساب ملک وقوم کی اولین ضرورت ہے۔