دیر تک بیٹھ کر کام کرنا صحت کے لیے نقصان دہ

296

طبی ماہرین نے دفاتر میں بیٹھ کر کام کرنے والے افراد کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ صحت مند زندگی گزارنا اور مٹاپے سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ کھڑے ہوکر کام کریں۔
یورپ میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ دفاتر یا گھروں میں زیادہ وقت بیٹھنے سے جسم میں موجود کیلوریز ختم نہیں ہوتیں جس کے باعث صحت خراب اور مٹاپہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص مٹاپے سے عاجز ہے اور وہ اضافی وزن کو کم کرنا چاہتا ہے تو دن میں زیادہ سے زیادہ وقت کھڑے ہوکر کام کرے کیونکہ اس عمل سے ہر منٹ میں 0.15فیصد اضافی کیلوری جسم سے ختم کی جاسکتی ہے۔
مطالعہ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ انسانی جسم میں کیلوریز کے بڑھ جانے سے ہارٹ اٹیک، ذیابیطس کے امراض لاحق ہونے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں اس لیے کھڑے ہو کر روزمرہ یا دفتر کے امور سرانجام دیں تاکہ کیلوریز کو کنٹرول کیا جاسکے۔
محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر 65 کلو گرام وزن کا حامل انسان روزانہ 6 گھنٹے کھڑے ہوکر کام کرتا ہے تو وہ اس طرح سال میں تقریبا ڈھائی کلو گرام تک وزن کم کرسکتا ہے ساتھ میں اُسے خوراک کا توازن بھی برقرار رکھنا ہے۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کھڑے ہوکر کام کرنے والوں کی نہ صرف پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ وہ ہرمسئلے کا حل بھی نکال لیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صحت کی بہتری اور وزن کی کمی کے لیے یہ حل مستقل تو نہیں البتہ اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ساتھ ہی ڈاکٹرز کا یہ بھی ماننا ہے کہ کام کرنے والوں کو ہر تھوڑی دیر میں کھڑے ہوکر اپنے آپ کو متحرک کرنا ضروری ہے۔