عمران چوہے مار دیں، زرداری کراچی سے کچرا اٹھا لیں، سعد رفیق

228

لاہور ( مانیٹر نگ ڈیسک) و فاقی وز یر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور ہمیں الیکشن سے قبل گندا کیا جا رہا ہے لیکن جھوٹ بولنے سے ووٹ نہیں ملتے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم 70 سال سے خاموشی سے مارکھا رہے ہیں، ہم صرف سننے اورمارکھانے کے لیے ہیں، ہمیں بولنے کی اجازت نہیں، بولتے ہیں تو کہا جاتا ہے تم گستاخ ہو، اب صرف دعا ہی کرسکتے ہیں کہ سب لوگ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ آپ خیر کے کام کرتے جائیں اللہ کی عدالت میں سب جائیں گے امید ہے جو بات میں کررہا ہوں عوام سمجھ رہے ہیں۔سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان ابھی تک لڑکے بنے ہوئے ہیں انہیں بڑا ہونے کی ضرورت ہے، ان جیسے غیرسنجیدہ لوگ ملک نہیں چلا سکتے۔ چیئرمین پی ٹی آئی میئر نہیں بن سکتے اور وزیراعظم بننے کی بات کرتے ہیں۔ نواز شریف اور ہمیں الیکشن سے قبل گندا کیا جا رہا ہے، عمران خان مجھے کہتے ہیں تم نے اپنے گھر میں ٹھپے لگائے، ووٹ کاغذ کی پرچی نہیں یہ دل کا رشتہ ہوتا ہے جھوٹے الزام لگانے سے ووٹ نہیں ملتے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری اور عمران خان نے اپنے صوبوں میں کوئی کام نہیں کیا، نہ ہی کوئی بجلی کے نئے منصوبے لگائے گئے اورنہ ہی اسپتالوں کے لیے کوئی کوشش نظر آئی، لاہور کے اسپتالوں میں پورے ملک سے مریض آرہے ہیں، میری گزارش ہے کہ اب عمران خان پشاور کے چوہے مار دیں اور آصف زرداری کراچی کا کچرا اٹھا دیں تو شاید عوام انہیں بھی کچھ سیٹیں جتوا دیں۔ اب کام پر ووٹ ملتا ہے رشتے داری پر نہیں، جس نے کام نہیں کیا عوام اسے ووٹ نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کا سیتا ناس کردیا ہے، ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے بعد پیپلز پارٹی ختم نہیں ہوئی تھی لیکن عقلمند ووٹرز نے آصف زرداری کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو فارغ کردیا ہے۔