مریم اور صفدر نے 10 سالہ برطانوی وزٹ ویزے کی درخواست دے دی

149

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک)سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کی بیٹی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن(ر)محمد صفدر نے 10 سالہ برطانوی وزٹ ویزے کی درخواست دے دی۔ذرائع کے مطابق مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن( ر)صفدر اسلام آباد کے جی نائن سیکٹر میں واقع کوریئر کمپنی کے دفتر آئے اور برطانوی ویزے کے لیے پاسپورٹ جمع کرایا۔ذرائع کے مطابق احتساب عدالت سے استثنا ملنے پر مریم نواز لندن روانہ ہوں گی جہاں وہ اپنی والدہ کلثوم نواز کی عیادت کریں گی ۔ذرئع نے بتایا کہ مریم نواز کے ساتھ کیپٹن( ر)صفدر اور ان کی بیٹی ماہ نور صفدر نے بھی پاسپورٹ جمع کرائے جبکہ 2ملازمین عبداللہ اور روبینہ شوکت کے پاسپورٹس بھی جمع کرائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مریم نواز، کیپٹن (ر)صفدر اور ماہ نورصفدرنے 10، 10 برس کے لیے ویزا درخواست دی ہے جبکہ 2ملازمین کے 6،6 ماہ کے ویزا کے لیے درخواست دی گئی ہے۔مریم نواز، کیپٹن (ر)صفدر اور ماہ نور صفدر نے ترجیحی ویزا فیس بھی جمع کرادی ہے اور اس مد میں ایک لاکھ 12 ہزار 539 روپے جمع کرائے گئے ہیں۔مریم نواز اپنے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ نجی کورئیر کمپنی کے دفتر میں خود گئیں اور وہاں انہوں نے بائیو میٹرکس بھی کرائے۔ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز اور دیگر درخواست دہندگان کے پاسپورٹس برطانوی سفارتخانے کو بھجوا دیے گئے ہیں اور 10 روزکے اندر ویزوں کے اجراکا امکان ہے۔