وزیر اعظم کی طرف سے الشفاء ٹرسٹ کیلئے بیس کروڑ روپے امداد کا اعلان

795

ایشیاء کا سب سے بڑا چلڈرن آئی ہاسپٹل اگست2019 میں کام شروع کر دیگا

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الشفاء آئی ہاسپٹل گزشتہ تین دہائیوں سے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے اور یہ ہمارے معاشرے کیلئے ایک تحفہ ہے۔جنرل جہانداد خان مرحوم کی کوششوں سے قائم ہونے والا یہ ادارہ اب بین الاقوامی معیار کا ہسپتال بن چکا ہے

جس سے پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کے ڈاکٹر اور مریض بھی استفادہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز27ویں الشفاء ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آغاز سے ہی اس ادارے سے کسی نہ کسی طور وابستہ ہیں اور مستقبل میں بھی اس مشن سے منسلک رہیں گے

۔یہ ادارہ اندرون اور بیرون ملک بننے والے آئی ہاسپٹلزکیلئے ایک ماڈل بن چکا ہے۔انھوں نے کہا کہ الشفاء ٹرسٹ کی جانب سے امراض چشم میں مبتلاء لاکھوں بچوں کیلئے ایشیاء کے سب سے بڑے ہسپتال کی تعمیر ایک عظیم کارنامہ ہے ۔اس ہسپتال کے زریعے بڑی تعداد میں بچوں میں بصارت کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ س موقع پروزیر اعظم نے الشفاء ٹرسٹ کیلئے بیس کروڑ روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا۔ ٹرسٹ کے صدر جنرل حامد جاوید نے کہا کہ الشفاء ٹرسٹ کے زیر اہتمام راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ اور مظفر آباد کے ہسپتالوں میں اب تک ساٹھ لاکھ مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے

چھ لاکھ آپریشن بھی کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے ایشیاء کا سب سے بڑا چلڈرن آئی ہاسپٹل تعمیر کیا جا رہا ہے جو اگلے سال اگست میں کام شروع کر دے گا۔جنرل حامد جاوید نے کہا کہ اس ہسپتال میں روزانہ پانچ سو بچوں کو علاج معالجے اور پچاس کو آپریشن کی سہولت دستیاب ہو گی اور اس لحاظ سے یہ ایشیاء کا سب سے بڑا ہسپتال ہو گا۔ اس موقع پرسینیٹر مشاہد حسین سیدنے بھی خطاب کیا اور جنرل جہانداد مرحوم کی خدمات کو سراہا۔ہسپتال کے چیف آف آپریشنز ڈاکٹر راجد علی خان نے حاضرین کو الشفاء آئی ہاسپٹل کے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔