نوابشاہ، اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر واٹر فلٹر پلانٹ ناکارہ ہوگیا

193

نوابشاہ (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی نوابشاہ سرور احمد قریشی نے کہا ہے کہ نوابشاہ شہر میں اربوں روپے کی لاگت کے باوجود واٹر فلٹر پلانٹ ناکارہ ہوچکا ہے جبکہ 70 سال سے پرانی واٹر سپلائی کی لائنوں کو تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے شہری گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ ہر ماہ واٹر فلٹر پلانٹ کی مینٹیننس کے نام پر خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود شہریوں کو گندا پانی پینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نوابشاہ شہر سرور احمد قریشی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے لیے بنیادی ضروریات زندگی کی سہولتوں کی عدم دستیابی کا نوٹس لے رہے ہیں حالانکہ یہ ریاست کی ذمے داری ہے لیکن حکمرانوں کی نااہلی کے باعث یہ کام بھی عدالت کو کرنا پڑرہا ہے۔ لہٰذا ہم ان کی توجہ سابق صدر کے شہر کی جانب بھی مبذول کروانا چاہتے ہیں کہ وہ یہاں کے عوام کے لیے سہولیات کی عدم دستیابی پر از خود نوٹس لیں۔ 70 سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود نئی پانی کی لائن نہیں بچھائی جاسکی، ایسے میں جو لوگ صاف پینے کے پانی کی فراہمی کا دعویٰ کررہے ہیں، احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ الیکشن سے قبل بلدیہ نوابشاہ کے چیئرمین نے نجی ٹی وی چینل کو اپنے انٹرویو میں 6 ارب روپے کی نئی پانی کی لائنوں کے بچھانے کا دعویٰ کیا تھا جو تا حال ایفا نہیں ہوسکا۔ صاف پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہری امراض کا شکار ہورہے ہیں، لہٰذا عدلیہ اس جانب فوری توجہ دے۔