پیما کا دو روزہ انٹرنیشنل کنونشن آج سے ایوان اقبال میں شروع ہو گا

175

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کا دو روزہ انٹرنیشنل کنونشن آج 31؍مارچ سے ایوان اقبال میں شروع ہو رہا ہے، کنونشن میں طبی موضوعات، صحت عامہ کی صورتحال، طبی اخلاقیات، دکھی انسانیت کی خدمت اور ڈاکٹرز کو درپیش مسائل کے حوالے سے سیشنز ہوں گے جن سے وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ، صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سمیت میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور بین الاقوامی طبی ماہرین خطاب کریں گے۔ کنونشن چیئرمین پروفیسر حافظ اعجاز احمد نے گزشتہ روز آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ ایوان اقبال کا دورہ کیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی، انہوں نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کنونشن میں شرکت کے لیے اندرون ملک سے ڈاکٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور شہر میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، یہ پاکستان میں اب تک ہونے والا سب سے بڑا ڈاکٹرز کنونشن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کنونشن کے پہلے روزچار متوازی سائینٹیفک سیشنز میں مختلف شعبوں کے ماہرین اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کنونشن میں پیما کے مرکزی صدر اور سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبران کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔قبل ازیں پیما کے تحت جمعہ کے روز مختلف ہسپتالوں میں 6پری کنونشن ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔