بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں

198

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے جڑانوالہ میں معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی اور وڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں، معاشرہ ایسے جرائم اور مجرموں سے پاک نہیں ہوسکتا۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی عریانی وفحاشی کے باعث بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔ تفریح کے نام پر نوجوان نسل کو ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت تباہ وبرباد کیا جارہا ہے۔ مٹھی بھر سیکولر عناصر نے اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان نے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرتی اقدار کے تحفظ کے لیے فحاشی وعریانی کا سدباب کرے۔ مغربی وہندوستانی کلچر نے بچوں سے لے کر نوجوانوں تک کو شدید متاثر کیا ہے۔ بے ہودہ ٹی وی پروگرامات اسلامی تہذیب کا جنازہ نکال رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ بھارتی فلموں کی یلغار ہر چینل کے خبر نامے میں انٹرٹینمنٹ کے نام پر فحش مناظر، سوشل میڈیا پر اسکریننگ کے نظام کی عدم موزجودگی اور معاشرے میں بحیثیت مجموعی بے راہ روی اور بے اطمینانی کی وجہ سے جرائم بالخصوص معصوم بچوں بچیوں کیخلاف جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسی گھناؤنی حرکت کے مرتکب درندوں کو فوری گرفتار کرکے سرعام پھانسی پر لٹکا کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔