ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے یمن کو دو ایمبولینسز کا عطیہ

318

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے یمن کو دو ایمبولینسز کا عطیہ دے دیا گیا ، ایدھی فاؤنڈیشن نے یمن ایڈ کے تعاون سے ایمبولینس سروس کا آغار کر دیا جس میں 25، 25 لاکھ مالیت کی یہ ایمبولینسز یمن کی ایک این جی او کے حوالے کی گئی ہیں۔ 

ترجمان ایدھی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ایمبولینسز فیصل ایدھی اور ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے یمن جنگ کے متاثرین کی مدد کے لئے یمن ایڈ نامی این جی او کو دو بڑی ایمبولینس بطور عطیہ دی گئی ہیں جنہوں نے یمن میں باقاعدہ ایمبولینس سروس کا آغاز بھی کر دیا ہے اور آئندہ اگر ضرورت پڑی تو مزید ایمبولینسز بھی بھجوائی جائیں گی یہ ایمبولینسز جدید آلات اور سہولیات سے آراستہ ہیں۔ 

اس موقع پر فیصل ایدھی نے کہاکہ ان ایمبولینسز سے قیمتی انسانی جانیں بچانے میں مدد ملے گی اور طویل سفر کے لئے بھی یہ ایمبولینسز کار آمد ثابت ہوں گی۔ یمن ایڈ نے کہا کہ یمن میں بیماروں اور زخمیوں کو ایدھی کی طرح فری طبی امداد اور ایمبولینس سروس فراہم کی جائیگی جبکہ میتیں منتقل کرنے میں آسانی ہو گی۔