راؤ انوار کے ساتھ ملزم جیسا سلوک کیا جائے ۔سیف الرحمان محسود

375

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)گرینڈ جرگہ کے مرکزی رہنماء سیف الرحمان محسود نے کہا ہے کہ راؤ انوار کے ساتھ ملزم جیسا سلوک کیا جائے ۔ ضلع ملیر میں قاتل راؤ انوار کے کارندوں کی دوبارہ تعیناتی بند کی جائے بصورت دیگر گرینڈ جرگہ احتجاجی تحریک شروع کرے گا ۔کراچی کے مظلوم عوام اور سول سوسائٹی کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ حق و انصاف کے لیے ہمارا ساتھ دیں اور ہمارے احتجاج میں شریک ہوں۔ 

ان خیالات اظہار انہوں نے گرینڈ جرگہ کے دیگر عمائدین کے ہمراہ ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے ۔ راؤ انوار کے تمام مفرور ساتھیوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر میں قاتل راؤ انوار کے کارندوں کی دوبارہ تعیناتی بند کی جائے ، جو پہلے سے تعینات ہیں ، انہیں برطرف کیا جائے اور پولیس ناکوں کے نام پر بھتہ لینا بند کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بلاوجہ گرفتاریاں بند کی جائیں ۔ لاپتہ افراد کو کورٹ میں پیش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قاتل راؤ انوار کے ساتھ ملزم اور مجرم جیسا سلوک کیا جائے اور عدالتوں میں ملزم اور مجرم کی طرح پیش کیا جائے گا ، جس طرح دوسرے ملزموں کو پیش کیا جاتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ قتل کے حوالے سے جن لوگوں کو یہ تشویش ہے کہ ہم شہید کے لہو کا سودا کریں گے تو وہ یہ بات سن لیں کہ اگر پوری دنیا کی دولت اکھٹی کی جائے تو بھی نقیب اللہ شہید کے ایک بال کو بھی نہیں خرید سکتی ۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم محسود قبائل شہیدوں کے خون کا سودا نہیں کیا کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور دوسرے اداروں کا نقیب شہید کیس پر اثر انداز ہونا بند کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سپریم کی طرف سے بنائی گئی جے آئی ٹی پر مکمل بھروسہ ہے ۔ اگر ہمارے مطالبات پر عمل نہ ہوا تو گرینڈ جرگہ 8 اپریل 2018 بروز اتوار دوپہر تین بجے کراچی پریس کلب پر شہر کے مختلف اضلاع سے ریلی کی شکل میں جمع ہو کر اپر امن احتجاج کریں گے ۔ 

جس میں جرگہ کے عمائدین اور سیاسی جماعتوں کے اکابرین بھی شریک ہوں گے ۔ ہم کراچی کے مظلوم عوام اور سول سوسائٹی کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ حق و انصاف کے لیے ہمارا ساتھ دیں اور ہمارے احتجاج میں شریک ہوں ۔