ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی،سخت سیکورٹی میں نجی ہوٹل منتقل

282

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم روشنیوں کے شہرکراچی پہنچ گئی۔ وزیر کھیل نے استقبال کیا، سندھ کی پہچان اجرک اور سندھی ٹوپی سے نوازا گیا۔ٹیم کو سخت سیکورٹی حصار میں نجی ہوٹل منتقل کیا گیا۔کراچی 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کا میزبان بن رہا ہے۔ کراچی پہنچنے والے ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں ہیڈ کوچ اسٹورٹ لا اور آفیشلز میں الفونسو تھامس، ڈیکسٹر آگسٹس، ویرنن ولیمز شامل ہیں۔ کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن محمد، روومین پاول، مارلون سموئلز اور سموئل بدری شامل ہیں۔وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔ سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ 9 سال بعد کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہو رہی ہے۔ ساتھ ہی اندرون سندھ تک رونقیں لے جانے کی خواہش ظاہر کر دی۔تین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے پاکستان کی 12رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔