نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ قابل مذمت ہے ، میاں مقصود

179

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 16 افراد کی شہادت اور1500سے زائد کے زخمی ہونے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔صہیونی فوج کی بلااشتعال سیدھی فائرنگ سے سب سے زیادہ نشانہ خواتین اور معصوم بچے بنے ہیں۔یہودونصاریٰ مسلمانوں کو ایذاپہنچانے کے حوالے سے اپنی تمام حدود وقیود پار کرچکے ہیں۔ اسرائیل امریکہ کی ذیلی ریاست ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے فلسطینی مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عالمی امن کو تباہی کی طرف لے جایاجارہا ہے۔انسانیت کے علمبردار ممالک،این جی اوز اور اقوام متحدہ کادوہرامعیار کھل کر سامنے آچکا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ فلسطین کی صورتحال پر ہنگامی طور پر او آئی سی کا اجلاس بلاکر اس قتل عام کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔مسلمانوں کے خلاف ساری دشمن قوتیں متحدہوچکی ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ فلسطین سرزمین قبلہ اول ہے اس کی حفاظت ہر مسلمان پر فرض ہے۔بحیثیت مسلمان قبلہ اول کا ایک ایک انچ بھی ہمارے لیے مقدس ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ آپسی اختلافات کو بھلاکر اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرے تاکہ دشمنوں کی تمام سازشوں کومشترکہ جدوجہد سے ناکام کیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ کفار چاروں اطرف سے ہم پر حملہ آور ہیں۔وہ ہماری تہذیب وکلچر کونشانہ بنارہے ہیں۔میڈیاکے ذریعے مسلمانوں کے درمیان فحاشی وعریانیت کو فروغ دے رہے ہیں۔ایک منظم انداز میں قادیانیت کو استعمال کررہے ہیں۔اگر ان کاراستہ نہ روکاگیا تو وہ ہماری مضبوط بنیادوں کوکھوکھلاکرکے رکھ دیں گے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی حکومت نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے معاملے کو بھرپور انداز میں متعلقہ عالمی فورمزمیں اٹھائے اور اسرائیل کی جارحیت اور امریکی آشیرباد کوبے نقاب کرے۔