غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ، سردار ظفر

190

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے موسم گرما کے آغاز میں ہی ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی منشور میں چھے ماہ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا مگر پانچ سال ہونے کوہیں،ابھی تک لوڈشیڈنگ کاخاتمہ نہیں ہوسکا۔ملک میں اس وقت انرجی بحران کی ذمے دار مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتیں ہیں۔اگر وہ اس پر پہلے سے منصوبہ بندی کرتیں اور چھوٹے بڑے ڈیم بنائے جاتے تو آج قوم کو لوڈشیڈنگ کی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی توانائی بحران ویسے ہی شدت کے ساتھ قوم کودرپیش ہے جیسے پچھلے دور حکومت میں تھا۔ ملک کو انرجی بحران سے نکالنے اور سستی بجلی حاصل کرنے کے لیے حکومت کو متبادل ذرائع پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے۔کوئلے،ہوا اور پانی سے بجلی پیداکرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔جب تک انرجی بحران پر قابونہیں پایاجاتا ،ملک اس وقت تک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم ملکی بقا کا منصوبہ ہے جسے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت چند مفاد پرستوں نے سیاسی ایشو بنادیا۔ضرورت ہے کہ حکومت کالاباغ ڈیم کے حوالے سے تمام فریقین کواعتماد میں لے۔کالاباغ کی تعمیر سے جہاں ایک طرف سستی بجلی حاصل ہوگی وہاں دوسری جانب روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور65لاکھ ایکڑبنجرزمین کو قابل کاشت بنایا جاسکے گا۔