انتخابات میں عدلیہ کا اہم کردار ہوگا، عمران خا ن

182

لاہور(مانٹرنگ ڈ یسک+صباح نیوز)سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں عدلیہ کا اہم کردار ہوگا، نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے جب کہ آخری ماہ میں گلیاں،نالیاں پکی کرکے اگلے 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے۔لاہور میں پی ٹی آئی کی ممبرسازی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہتے ہیں انہیں خیبر پختونخوا میں ترقی نظرنہیں آ رہی دراصل نوازشریف کی نظر پاناما کیس کی وجہ سے کمزور ہوگئی ہے، اگر پختونخوا کی پولیس بہتر نہ ہوتی تو نوازشریف سوات میں تقریر نہیں کرسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کا الیکشن ہونے والا ہے جو ملک کی تقدیر بدلے گا جب کہ بڑے گاڈ فادر اور چھوٹے ڈان نے لاہور میں بڑی تباہی کی،دونوں شریفوں کو بتاؤں گا کہ انہیں کیوں نکالا
جب کہ 29 اپریل کو مینار پاکستان میں تاریخی جلسہ کروں گا۔اس سے قبل لاہور میں ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں عدلیہ کا اہم کردار ہوگا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اب چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے جتنی چاہیں ملاقاتیں کرلیں لیکن کوئی فائدہ نہیں، شریف اقتدار میں ہوں تو ان سے بڑا ظالم کوئی نہیں ہوتا جبکہ مشکل میں پڑنے پر ان سے بڑا گیدڑ کوئی نہیں ہوتا، ہر فرعون کے جانے کا وقت ہوتا ہے،اب بڑے اور چھوٹے دونوں فرعونوں کے جانے کا وقت آگیا ہے، الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے اور طاقتور امیدوار لائیں گے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنائیں گے۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہارخیال کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خبردار ہوشیار اقتدار کے آخری 4 ماہ میں گلیاں اور نالیاں پکی کرکے آئندہ 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے، شریفوں کا ترقیاتی کاموں کا انداز بھی یہی ہے۔ عمران خان نے ایک تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریر واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے ہر محکمے میں پھیلی بدعنوانی کی قیمت زیادہ نرخوں کی صورت میں عوام سے کیسے وصول کی جاتی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کارٹون بھی ٹویٹ کیا۔