الزام خان اب فارغ ہونیوالا ہے، پختونخوا میں بھی ہماری حکومت ہوگی، نواز شریف

262
سوات: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف جلسے سے خطاب کررہے ہیں
سوات: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف جلسے سے خطاب کررہے ہیں

سوات(مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز)سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ کرنے والا ہے اور الزام خان اب فارغ ہونے والے ہیں،عمران خان اب ایک ضلعے کا بھی الیکشن نہیں جیت سکتے،خیبرپختونخوا میں بھی ہماری حکومت ہوگی۔ اتوار کوسوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں کوئی کام نہیں کیا بلکہ 2 ارب درختوں کے نام پر سارے پیسے کھا گئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی اے ٹی ایم مشین جہانگیر ترین کی جائداد بھی فروخت کرادیں،پنجاب میں جاکر دیکھیں کہ 5 برس میں وہاں کتنی ترقی ہوئی،عمران خان کی سیاست پر افسوس ہے کہ انہوں نے 5برس صرف الزامات اور دھرنوں کی سیاست کی ، خیبرپختونخوا میں وہی پرانے اسکول اور اسپتال ہیں۔نوازشریف نے
کہا کہ لاہور میٹرو بس 40 اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس 45 ارب روپے میں شروع کی گئی جب کہ پشاور میں اسی منصوبے پر 71 ارب روپے خرچ کردیے گئے،بتایا جائے کہ سارا پیسہ کہاں گیا،ہم برسراقتدار ہو کر ان کی جیبوں سے سارے پیسے نکالیں گے،اب جنوبی کے پی کے اور ملاکنڈ، ایبٹ آباد اور پشاور کے عوام (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ کرنے والے ہیں جب کہ الزام خان فارغ ہونے والا ہے،سوات کے لوگوں کو پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا ہم نے پورے ملک سے دہشت گردی اور توانائی بحران کا خاتمہ کیا،کراچی کی روشنیاں و امن بحال کیا، سوات میں امن واپس آیا جس کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ آج ہماری بیٹی ملالہ بھی بغیر خوف کے اپنے گھر واپس آئی لیکن عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف ہمارا ساتھ دینے کے بجائے کے پی کے میں تباہی پھیلائی،خیبرپختونخوا کے عوام کو ترقی دیکھنی ہے تو پنجاب آؤ، آکر دیکھیں ترقی کسے کہتے ہیں، آپ حیران رہ جائیں گے۔نوازشریف نے کہا کہ مجھے اپنی ذات عزیز نہیں بلکہ سوات، ملاکنڈ اور پورے پاکستان کے بچے عزیز ہیں،جن کے مقدر کو خوشگوار بنانے کے لیے پوری کوشش کروں گا لیکن یہ تب ہی ممکن ہے جب عوام ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر عملدرآمد کریں گے، عمران خان نے آف شور کمپنی کا اعتراف کیا اور سب کچھ تسلیم کرلیا لیکن پھر بھی اسے نہیں نکالا گیا۔ علاوہ ازیں رہنما(ن)لیگ مریم نواز نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے،اداروں کا سارا زور ہم پر چلتا ہے اور مشرف کو پکڑنے کی جرات نہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سوات میں عوام کا سمندر نکل آیا ہے، مجھے خوشی ہے آج سوات نے بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر لبیک کہہ دیا،جب یہاں روز لاشیں گرتی تھیں اور بم دھماکے ہوتے تھے تو وہ پرویز مشرف اور آصف زرداری کا پاکستان تھا لیکن آج دہشت گردی کے اندھیرے مٹ گئے ہیں،یہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا پاکستان ہے۔مریم نواز نے کہا کہ جب خیبرپختونخوا میں سیلاب اور ڈینگی آیا، اس وقت عمران خان اور کے پی کے حکمران کہاں تھے، یہ لوگ مہرہ بن کر استعمال ہورہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں جو کچھ ہوا، کیا وہ آئین کے ساتھ مذاق نہیں، عمران خان کبھی کہتے ہیں نواز شریف ڈیل کر رہے ہیں اور کبھی کہتے ہیں سازشیں ہو رہی ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں تاہم انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے، اداروں کا سارا زور ہم پر چلتا ہے اور مشرف کو پکڑنے کی جرات نہیں، پرویز مشرف مکا دکھا کر ملک سے باہر چلے گئے لیکن ملک کا آئین اور قانون توڑنے والے کو واپس لانے کی کسی میں جرات نہیں۔