ایم کیو ایم نے کراچی کا کون سا مسئلہ حل کردیا

212

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے مسائل میں تیزی سے اضافے پر ایم کیو ایم سے سوال کیا ہے کہ بلدیہ کراچی میں اس کی حکومت ہے اس نے کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا۔ اس پر طرہ یہ کہ سینیٹ الیکشن میں اپنے ووٹ جاگیرداروں کو فروخت کردیے۔ یہ بھی عجیب بات ہے کہ کراچی کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے ایم کیو ایم کے مختلف گروپس کراچی کے حکمران، سندھ حکومت کا حصہ اور وفاق کا حصہ بھی رہے ہیں یہ حکمرانی ایک دو برس کی نہیں بلکہ کوئی تین دہائیوں سے یہ لوگ اس شہر کے نمائندے بنے بیٹھے ہیں لیکن نمائندگی کا حق ادا نہیں کیا اور جب جماعت اسلامی شہریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرتی ہے تو یہ رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے شہریوں کے لیے نادرا کے اضافی دفاتر کھلوائے شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات دور کروائیں، کے الیکٹرک کی من مانی اور غیر قانونی کارروائیوں کے آگے بند باندھااور اب اہل کراچی کے لیے صاف پانی کی فراہمی کی مہم بھی چلائے گی۔ جماعت اسلامی خدمت خلق کے حوالے سے بہت سے کام کررہی ہے جس طرح جرأتمندانہ انداز سے ہر فورم پر اہل کراچی کا مقدمہ لڑا گیا ہے اس کا تقاضا ہے کہ اہل کراچی بھی انتخابات کے موقع پر اپنا صحیح وکیل منتخب کریں۔