غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، رانا طہٰ

166

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیررانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور، رانا نذیر خاں، الطاف الرحمن، ڈاکٹر عبدالعلیم اور طارق سرور نے اپنے مشترکہ بیان کہا ہے کہ موسم گرما کے آغاز میں ہی ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی منشور میں چھے ماہ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا مگر پانچ سال ہونے کو ہیں، ابھی تک لوڈشیڈنگ کاخاتمہ نہیں ہوسکا۔ملک میں اس وقت انرجی بحران کی ذمے دار مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتیں ہیں۔ اگر وہ اس پر پہلے سے منصوبہ بندی کرتیں اور چھوٹے بڑے ڈیم بنائے جاتے تو آج قوم کو لوڈشیڈنگ کی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ آج بھی توانائی بحران ویسے ہی شدت کے ساتھ قوم کودرپیش ہے جیسے پچھلے دور حکومت میں تھا۔ ملک کو انرجی بحران سے نکالنے اور سستی بجلی حاصل کرنے کے لیے حکومت کو متبادل ذرائع پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے۔ کوئلے، ہوا اور پانی سے بجلی پیدا کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ جب تک انرجی بحران پر قابو نہیں پایا جاتا، ملک اس وقت تک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ملکی بقا کا منصوبہ ہے، جسے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت چند مفاد پرستوں نے سیاسی ایشو بنا دیا۔ ضرورت ہے کہ حکومت کالا باغ ڈیم کے حوالے سے تمام فریقین کو اعتماد میں لے۔