اسکولوں اور اسپتالوں کے باہر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے

155

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور، رانا نذیر خاں، الطاف الرحمن، ڈاکٹر عبدالعلیم اور طارق سرور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہرکے تمام چھوٹے بڑے سرکاری ونجی اسپتالوں کے باہر تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک نے مریضوں کو مشکلات میں مبتلا کردیا ہے۔ اسپتالوں کے باہر قبضہ مافیا نے ڈیرے جما رکھے ہیں اور ہر طرح کی تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، جس کے باعث مریض اور ان کے لواحقین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، ایمبولینسز کے ٹریفک میں پھنسنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع کاخدشہ رہتا ہے ۔کہیں ریڑھیوں کا رش ہے تو کہیں اسٹالز اور کھوکھے لگے ہوئے ہیں جبکہ غیرقانونی پارکنگ اسٹینڈز نے صورتحال کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے، جس کے باعث لڑائی جھگڑے اور تکرار معمول ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے سٹی میئراور چیف ٹریفک آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتالوں کے باہر تجاوزات اور بے ہنگم ٹریفک کے رش کے مسئلے کا فوری نوٹس لے کر اس کیخلاف فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مریضوں اوران کے لواحقین کو اذیت سے دوچار نہ ہونا پڑے اوران کی مشکلات میں کمی ممکن ہوسکے۔