صوبائی حکومت ترقیاتی ایجنڈے پر گامزن ہے، عنایت اللہ خان

185

پشاور (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے ایک ترقیاتی ایجنڈے پر گامزن ہے۔ لوکل اور اربن ڈیولپمنٹ میں پشاور سمیت مختلف اضلاع کی ترقی و خوشحالی کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19ء کے لیے تقریباً 8 ارب 14 کروڑ روپے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اے ڈی پی 2018-19ء کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زکوٰۃ حاجی حبیب الرحمن، سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ، طاہرہ یاسمین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ طاہرہ یاسمین نے شرکا اجلاس کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19ء کے لیے لوکل اینڈ اربن ڈیولپمنٹ سیکٹرز میں نئی اور پرانی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پشاور کے علاوہ مختلف اضلاع میں سڑکوں کی بحالی، فراہمی آب کی پائپ لائنوں کی تنصیب، صفائی، پینے کی صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، پبلک پارکنگ، فلڈ ڈیمیجز پروجیکٹس، جدید پارکنگ پلازا، میلہ مویشیاں اور فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹس کی تعمیر وغیرہ کے لیے اسکیمیں شامل ہیں۔ اجلاس میں دیگر اضلاع کے ساتھ بونیر، اپر دیر اور ہری پور اضلاع میں نئی ترقیاتی اسکیموں کی نشاندہی کی گئی جبکہ اپر دیر میں ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے کے لیے اپر دیر بائی پاس کے منصوبے کے لیے اسپیشل پیکج کی منظوری دی گئی۔ سینئر وزیر بلدیات نے 2018-19ء کی مجوزہ اے ڈی پی کے تحت وادی کمراٹ، براول، لرجم، عشیری درہ، تالاش، میدان اور جندول میں نئی اور جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تا کہ عوام اسکیموں سے بروقت مستفید ہوسکیں۔