جماعت اسلامی کا 8 اپریل کا یوتھ کنونشن اہم سنگ میل ثابت ہوگا، عارف شیرازی

220

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ8 اپریل کو مینار پاکستان لاہور کے تاریخی مقام پر یوتھ کنونشن ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کنونشن میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ راولپنڈی سے ہزاروں نوجوان لاہور کے کنونشن میں شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی ؒ بلڈنگ میں ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 8 اپریل کو لاہور میں مینار پاکستان کے مقام پر ہونے والے جے آئی یوتھ صوبہ پنجاب کے یوتھ کنونشن میں شرکت اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور انہیں حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیوں کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سید عارف شیرازی نے نوجوانو ں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قافلوں کی شکل میں اور منظم انداز میں لاہور کاسفر کریں۔سفر کے دوران اپنے ساتھیوں کا خیال رکھیں اور انہیں ہر ممکن سہولت پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام قافلے جے آئی یوتھ کے ضلعی اور یوسی عہدیداروں کی قیادت اوررہنمائی میں روانہ ہوں گے۔ کنونشن میں شرکت کے حوالے سے ہر جگہ نوجوانوں میں بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ سید عارف شیرازی نے دینی جماعتوں کے ملک گیر انتخابی اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کی سطح پر ایک اجلاس جمعیت علما اسلام (ف) کی میزبانی میں ہوچکا ہے۔ اگلا اجلاس جماعت اسلامی کی میزبانی میں جلد ہی ہوگا۔