قندوز میں 101 حفاظ کی شہادت بڑا سانحہ ہے، نعمان احسن ملک

427

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک اور یوسف گل پراچہ نے افغان صوبے قندوز میں مدرسے پر بمباری کرکے 101 حفاظ شہید اور 200 سے زیادہ افراد زخمی کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی دراصل ایسے حملے کر کے افغان اور پاکستانی حکمرانوں کو اوقات یاد دلاتے ہیں کہ ہم جب چاہیں گے تمہارے کسی بھی مرکز پر یا کسی بھی ادارے پر حملہ کردیں گے۔ قندوز میں حفاظ کی شہادت کے معاملے کو مغربی میڈیا اور پاکستان کے میڈیا نے بھی کوئی اہمیت نہیں دی۔ وہ یا تو کرکٹ دکھاتا رہا یا پھر امجد صابری کے قاتل، پرویز مشرف اور نواز شریف کے الزام اورجوابی الزام کے چکر میں الجھا رہا۔ انہوں نے کہاکہ آج امریکی ڈرون حملے پر سب کی زبان گنگ ہے۔ حفاظ کی شہادت اور اتنی بڑی تعداد میں شہادت ویسے بھی عظیم سانحہ ہے۔ اسلامی تاریخ میں پہلی مرتبہ حفاظ کی بڑی تعداد کی شہادت کے بعد قرآن کو جمع و تدوین کی گئی لیکن اللہ کے فضل سے امت مسلمہ اب اس مرحلے سے بہت آگے نکل گئی ہے۔ 101 حفاظ کی شہادت بڑا سانحہ ہے۔ سارا میڈیا دنیا بھر کے دہشت گرد گروپوں پر بات کر رہا ہے مگراس دہشت گردی پر خاموش ہے۔ اب افغان فوج سے اس حملے کو منسوب کیا جارہا ہے۔ یہ بھی وہی کہانی ہے۔ پہلے امریکی حملہ کر دیتے ہیں پھر جب معاملہ غلط نکلتا ہے تو پاکستانی حکومت سے اس حملے کا اعتراف کرایا جاتا ہے۔ اب افغان حکومت سے کہلوایا گیا ہے کہ حملہ تو افغان حکومت نے کیا ہے۔ اگر ایسا ہے بھی تو افغان حکومت اور امریکا ایک ہی نیٹ ورک ہیں۔