پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک کو سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔ملاکنڈ یونیورسٹی چکدرہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013ء میں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ بڑے مسائل تھے، ہم نے دونوں ختم کیے، دنیا میں پاکستان کو خطرناک ملک کہا جاتا تھا لیکن ہم نے یہ لیبل بھی ہٹایا اور اْس وقت کوئی 1 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری نہیں کرتا تھا لیکن اب چین اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جبکہ ملک کو سیاسی لانگ مارچ نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی، ملک بھر کے اضلاع میں یونیورسٹی کیمپس بنائے، نوجوانوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم دینے کے لیے لیب ٹاپ اور دیگر سہولیات دیں کیوں کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، یہ مختلف میدانوں میں تبدیلی لائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تعلیم کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہو گا،علم کے ذریعے ایجادات اور تخلیقات سے دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کرنا ہو گا جبکہ21ویں صدی میں دیگر ممالک کا مقابلہ کرنے کے لیے اقتصادی استحکام ضروری ہے کیوں کہ سیاسی اور اقتصادی استحکام سے ملک ترقی کی جانب جا سکتا ہے۔