کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 4 دہشت گردوں سمیت 25 مزاحمت کار ہلاک ہوگئے۔افغان وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سیکورٹی فورسز نے جنگجوؤں اور شدت پسندوں کے خلاف درجنوں کارروائیاں کیں، یہ کارروائیاں ننگرہار، کپسیا، غزنی، پکتیا، فریاب،زابل، بلخ اور ہلمند سمیت دیگر صوبوں میں کی گئیں۔وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا کہ صوبہ ننگر ہار کے ضلع کھوگانی میں کارروائی کے دوران داعش کے 4 دہشت
گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ ملک گیر آپریشنز میں مجموعی طور پر25 مزاحمت کار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ ان آپریشنز میں سیکورٹی فورسزکو افغان فضائیہ کی مدد بھی حاصل رہی جنہوں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے انہیں تباہ کردیا۔آپریشنز میں افغان سیکورٹی فورسز کے خصوصی دستوں نے بھی حصہ لیا۔