جنرل قمر باجوہ کی نقیب کے والد کو انصاف دلانے کی یقین دہانی

625
وانا، پاک فوج کے سربراہ قمر باجوہ کراچی میں پولیس مقابلے میں قتل نقیب اللہ کے والد سے ملاقات کررہے ہیں
وانا، پاک فوج کے سربراہ قمر باجوہ کراچی میں پولیس مقابلے میں قتل نقیب اللہ کے والد سے ملاقات کررہے ہیں

راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نقیب اللہ محسود کے والد سے ملاقات کر کے ان کے بیٹے کی موت پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں نقیب اللہ محسود کے والد سے ملاقات اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ فوج آپ کو انصاف دلانے کیلیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے مرحوم نقیب اللہ محسود کے بچوں کو پیار بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے دورے کے موقع پر دو سماجی و اقتصادی ترقی کے بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا۔جن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ان میں وانا ایگریکلچر پارک اور مکین کے علاقے میں مارکیٹ شامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایگریکلچر پارک وانا میں پائن نٹ پروسیسنگ پلانٹ، 1000 ٹن گنجائش کا کولڈ اسٹوریج، ویئر ہاسز، گودام اور 128 دکانیں شامل ہیں۔اس کے علاوہ مکین کے علاقے میں ایک مارکیٹ کا بھی افتتاح کیا گیا جس میں 728 دکانیں موجود ہیں جبکہ اس سے متصل دیگر سہولیات اور چلڈرن پارک بھی ہے۔