معصوم بچوں سے زیادتی کرنے والوں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں

138

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے صوبہ بھر میں معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو عبرتناک سزائیں نہیں دی جاتیں، معاشرہ ایسے جرائم اور مجرموں سے پاک نہیں ہوسکتا ۔ تفریح کے نام پر نوجوان نسل کوایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت تباہ وبرباد کیاجارہا ہے۔ مٹھی بھرسیکولر عناصر نے اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بیس کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی عریانی وفحاشی کے باعث بگاڑ پیدا ہورہے ہیں، حکومت معاشرتی اقدار کے تحفظ کے لیے فحاشی وعریانی کا سدباب کرے ۔مغربی وہندوستانی کلچر نے بچوں سے لے کر نوجوانوں تک کوشدید متاثر کیا ہے۔ بے ہودہ ٹی وی پروگرامات اسلامی تہذیب کا جنازہ نکال رہے ہیں اورکوئی پوچھنے والانہیں۔ انہو ں نے کہاکہ بھارتی فلموں کی یلغار، ہر چینل کے خبر نامے میں انٹرٹینمنٹ کے نام پر فحش مناظر ،سوشل میڈیا پرا سکریننگ کے نظام کی عدم موجودگی اور معاشرے میں بحیثیت مجموعی بے راہ روی اور بے اطمینانی کی وجہ سے جرائم بالخصوص معصوم بچوں وبچیوں کے خلاف جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ ایسی گھناؤنی حرکت کے مرتکب درندوں کو فوری گرفتار کے سر عام پھانسی پر لٹکا کر عبرت کا نشان بنایا جائے ۔